Saturday, May 11, 2024

لاہور سیالکوٹ موٹر وے ایم 11 کو آج کھول دیا جائیگا

لاہور سیالکوٹ موٹر وے ایم 11 کو آج کھول دیا جائیگا
March 18, 2020

لاہور ( 92 نیوز) لاہورسیالکوٹ موٹروے  ایم 11 کو آج سے کھول دیا جائے گا ، دونوں شہروں کا زمینی فاصلہ ڈھائی گھنٹے سے سمٹ کر 50 منٹ رہ جائے گا۔

آپ لاہور سے سیالکوٹ جانا چاہتے ہیں تو موٹروے ایم الیون مکمل تیار ہے،  44 ارب کی لاگت سے تیار اور تمام تر جدید سہولیات سے آراستہ لاہور، سیالکوٹ موٹروے ایم 11 کو عام ٹریفک کیلئے کھولا جارہا ہے۔

این ایچ اے کے مطابق موٹروے کی فعالیت سے لاہور، سیالکوٹ کا زمینی فاصلہ اڑھائی گھنٹے سے سمٹ کر 50 منٹ رہ جائے گا ، 91 کلومیٹر طویل موٹروے چار لینز ، 7 انٹرچینج، 6 فلائی اوور، 24 پل، 22 انڈر پاسز، 13 سب وے اور 274 کلورٹس پر مشتمل ہے۔

ایم 11 سے سمبڑیال، پسرور، ڈسکہ، نارووال، مریدکے اور وزیرآباد کے شہری بھی مستفید ہونگے۔موٹروے قومی شاہراہ این فائیو اور اسلام آباد لاہور موٹروے ایم 2 سے جڑتی ہے۔

این ایچ اے حکام کہتے ہیں ایم الیون موٹروے نہ صرف دو تاریخی اور صنعتی شہروں کو آپس میں ملائے گی بلکہ اس کے فعال ہونے سے علاقے میں ایک نئے ترقیاتی دور کا آغاز ہوگا۔