Sunday, May 12, 2024

لاہور سمیت کئی شہروں میں کہیں رم جھم ،کہیں تیز بارش، اسموگ میں کمی

لاہور سمیت کئی شہروں میں کہیں رم جھم ،کہیں تیز بارش، اسموگ میں کمی
November 16, 2019
 لاہور (92 نیوز) لاہور، بہاولپور، پشاور، مانسہرہ سمیت کئی شہروں میں کہیں رم جھم  اور کہیں تیز بارش ہوئی جس کے باعث اسموگ میں کمی واقع ہو گئی۔ لاہور میں برکھارت نے نظارے ہی بدل دیئے ۔ بارش سے جہاں اسموگ میں کمی ہوئی وہیں سردی میں بھی اضافہ ہو گیا ہے اور گرم ملبوسات نکل آئے۔ بارش کے بعد مختلف موسمی بیماریوں کا بھی خاتمہ ہو گیا ہے۔ پنجاب میں ملتان، ساہیوال، اوکاڑہ ، دیپالپور، منچن آباد، بہاولپو، ہارون آباد اور کوٹ رادھا کشن سمیت مختلف شہروں میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ ابر رحمت نے ٹھنڈ میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی جاری رہے گا۔ دوسری طرف بلائی پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں اکثر مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ بالائی علاقوں نے سفید چادر اوڑھ رکھی ہے، سڑکیں مکان درخت ہر شے برف میں گم ہے۔ پشاور میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے بعد سردی میں شدید اضافہ ہوا ہے۔ سوات، دیربالا، مانسہرہ، مالاکنڈ، ہزارہ، گلگت سمیت دیگر علاقوں میں برفباری نے سردی کی شدت بڑھا دی۔ سوات کی وادی کالام، مالم جبہ اور مٹہ میں بھی برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ سکردو، گوپس، استوار، پارا چنار، مینگورہ، دیر بالا ہنگو میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ مظفر آباد آزاد کشمیر میں بھی شدید  برفباری ہوئی ہے۔ وادی لیپا اور گریس ویلی کی رابطہ سڑکیں بند ہیں۔ ادھر ملکہ کوہسار مری میں بارشوں کے بعد سردی میں اضافہ ہوا ہے۔