Friday, April 19, 2024

لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں طوفانی بارش

لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں طوفانی بارش
July 3, 2018
لاہور (92  نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں طوفانی بارش سے جل تھل ایک ہو گیا۔ طوفانی بارش سے لاہور ڈوب گیا۔ 7گھنٹوں کے دوران 170 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ صوبائی دارالحکومت کی سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل ہو گئیں۔ ادھر ریواز گارڈن اور مزنگ کے علاقے میں بجلی کے تار گرنے سے پولیس اہلکار سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ چھت گرنے سے 2 بچے اور ایک خاتون زخمی بھی ہوئے۔ اس کے علاوہ جگہ جگہ ٹریفک بلاک ہے ، گاڑیاں سڑکوں پر پھنس گئیں ۔  شہریوں کو دفاتر پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بیگم کلثوم نواز کے سابق حلقہ میں ہر طرف پانی ہی پانی ہے ، واسا انتظامیہ  کی کارکردگی کا پول بھی کھل گیا۔ شیخوپورہ، گجرات، شکرگڑھ، سیالکوٹ، حافظ آباد، گوجرانوالہ، نارووال، شرقپور،پنڈدادن خان سمیت دیگر علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔ بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔