Wednesday, May 8, 2024

لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں

لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں
January 4, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) پنجاب کے بیشتر علاقے اور بالائی سندھ بدستور شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ جدھر دیکھو دھند کے بادل ہی نظر آتے ہیں۔
دھند کے باعث حدنگاہ انتہائی کم رہ گئی اور ٹریفک کی روانی بے حد متاثر ہو رہی ہے۔ گاڑیوں نے سسکیاں لینا شروع کر دیں۔
دوسری طرف موٹروے کو بھی کئی مقامات پر بند کر دیا گیا جبکہ ایئرپورٹس پر متعدد پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ دھند کے باعث ٹرینیں بھی تاخیر کا شکار ہو گئیں۔
لاہور، ساہیوال، اوکاڑہ، چیچہ وطنی، سیالکوٹ، گوجرہ، چنیوٹ، بچیانہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، نارووال، صفدرآباد، رینالہ خورد، شیرگڑھ اور کبیروالا میں ہر طرف دھند کے بادل چھائے ہیں۔
اس کے علاوہ شام کوٹ، ملتان، شیخوپورہ، عارف والا، پنڈ دادن خان، علی پورچٹھہ، حویلی لکھا، دیپالپور، منڈی احمدآباد، سرائے عالمگیر، ہارون آباد، شجاع آباد، جہلم، فیض گنج اور منڈی بہاؤالدین بھی شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔
شدید دھند کے باعث سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا جبکہ موسمی بیماریوں نے بھی شہریوں کو آن لیا۔
کوئی نزلہ اور زکام کا شکار ہے تو کوئی کھانسی اور گلے کی بیماری میں مبتلا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران بھی پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کی پیش گوئی کر دی۔