Friday, May 10, 2024

لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کا راج

لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کا راج
January 24, 2021

لاہور (92 نیوز) لاہورسمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کا راج رہا، موٹروے بھی کئی مقامات پر بند رہی، لوگوں کومشکلات کا سامنا، بالائی علاقوں میں برف باری اور بارش سے سردی بھی بڑھ گئی۔ 

لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں سورج نے مکھڑا چھپا لیا، دھند نے ہرشے کو لپیٹ میں لے لیا، بالائی علاقوں میں برف باری سے ملک بھرمیں سردی کے بھی ڈیرے، شہری ٹھٹھہرنے لگے۔

دھند کے باعث شاہراہوں پر ٹریفک روانی میں بھی مشکلات کا سامنا، حد نگاہ کم ہونے پر موٹروے ایم ٹو کو لاہور سے شیخوپورہ تک بند کردیا گیا۔ ایم تھری اور لاہور سیالکوٹ موٹروے بھی کئی مقامات پر بند ،،گاڑیوں کا داخلہ ممنوع رہا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں گلگت بلتستان اور کشمیرمیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کاامکان ہے، جب کہ شمالی بلوچستان او ربالائی علاقوں میں بھی شدید سردی پڑے گی۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں استور منفی 10درجہ حرارت کے ساتھ سرد ترین مقام رہا، سکردو اور گوپس میں پارہ منفی 9جب کہ زیارت میں درجہ حرارت منفی 8 تک گر گیا۔