Friday, May 17, 2024

لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کا راج

لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کا راج
December 31, 2020

لاہور (92 نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کا راج ہے۔ حد نگاہ کم ہونے سے موٹر وے ایم ٹو لاہور سے خانقاہ ڈوگراں تک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی۔

ملک بھر میں سردی کی شدید لہر جاری ہے۔ پنجاب اور بالائی سندھ  میں صبح کے وقت شدید دھند رہی جس سے ملک بھر میں زمینی اور فضائی سفر دشوار ہو گیا۔ پنجاب کے بعض علاقوں میں صبح کے اوقات میں کہر پڑنے کی توقع ہے۔

شدید دھند کے باعث رات گئے سے صبح دیر تک موٹروے کو مختلف انٹرچینجز سے بند رکھا گیا۔ قومی شاہراہوں پر لاہور، فیصل آباد، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال ، خانیوال اور ملتان میں حد نگاہ انتہائی محدود رہی۔ جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ کے کئی علاقوں میں ڈرائیورز کو کچھ دکھائی نہ دیا۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ سمیت بیشتر فضائی اڈوں پر فلائٹ آپریشن معطل رہا۔ ٹرینوں کا نظام بھی متاثر ہوا۔

شہد قائد میں آج سال کے آخری دن موسم خشک اور شدید سرد رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ شہر کا درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔

بالائی خیبر پختونخوا، شمالی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد ہے۔ پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ گذشتہ روز کم سے کم درجہ حرارت قلات میں منفی 12 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد کا پارہ بھی 4 ڈگری تک گر گیا۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق  چند روز تک ملک کے بیشتر علاقے خشک اور سرد ہواؤں کے زیر اثر رہیں گے۔