Wednesday, April 24, 2024

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کا راج

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کا راج
December 29, 2020

لاہور (92 نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کا راج ہے۔ حد نگاہ کم ہونے سے موٹر وے ایم 2 کو لاہور سے پنڈی بھٹیاں تک بند کر دیا گیا۔

ملک بھر میں کڑاکے کی سردی پڑنے لگی۔ بارش، برف باری اور دھند کے باعث سرد موسم اپنے جوبن پر آ گیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز تک سردی کی لہر برقرار رہنے کی پیشگوئی کر دی۔

ملک کے میدانی علاقوں میں صبح کے وقت شدید دھند چھائی رہی۔ حد نگاہ انتہائی کم ہونے سے موٹروے کو کئی مقامات سے بند رکھا گیا۔ لاہور سے ملتان قومی شاہراہوں پر بھی ٹریفک سست روی کا شکار رہی۔ فیصل آباد اور گردونواح میں بھی دھند کا راج تھا۔ حجرہ شاہ مقیم میں دھند کے باعث حادثے میں موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہو گئے۔ بہاولپور میں دو ٹرک آپس میں ٹکرا گئے۔ حادثے میں 3 افراد شدید زخمی ہوئے۔

کراچی میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ رواں سال ماہ دسمبر میں آج سب سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ آئندہ دو روز تک شہرقائد میں سردی کی شدت برقرار رہنے کے امکان ہے۔ اسلام آباد کا موسم بھی شدید سرد ہے۔ خیبرپختونخوا میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ بالائی علاقوں میں  ہلکی بارش اور برف باری کا امکان ہے۔ کالام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 9 ڈگری تک گر گیا۔

بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی سردی اپنے جوبن ہے۔ بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر آج بھی ہلکی بارش اور برف باری کا امکان ہے۔