Thursday, April 25, 2024

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش،موسم خوشگوار

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش،موسم خوشگوار
June 29, 2020

لاہور ( 92 نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے،جس سےگرمی کے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔

صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی ، کالی گھٹاؤں کے ساتھ برکھا رت ایسی برسی کہ گرمی اور حبس کی چھٹی ہو گئی،لاہور میں ٹھنڈی اور تیز ہواؤں کے ساتھ رات گئے سے برسنے والی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

گزشتہ ہفتے سے آگ برساتا سورج بادلوں کی اوٹ میں چھپ گیا اور شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے،مون سون سیزن میں آسمان سے گرتی بوندوں سے قدرت کا ہر رنگ نکھر گیا۔

آندھی کے باعث لاہور کے مال روڈ پر درخت اکھڑ گیا،جسے پولیس اہلکاروں نے ہٹا دیا ۔ گوجرانوالہ میں بھی بادل جم کے برسے جبکہ اوکاڑہ میں ابر رحمت جاری ہے۔

قصور میں بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب گئے،علی پور چٹھہ اور کوٹ رادھا کشن میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں پنجاب کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کا امکان ہے۔