Saturday, May 11, 2024

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش ، جل تھل ایک ہوگیا

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش ، جل تھل ایک ہوگیا
June 24, 2019
لاہور ( 92 نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش  سے جل تھل ایک   ہو گیا ۔ شدیدگرمی کے بعد قدرت مہربان  ہو گئی ،  موسم خوشگوار ہونے سے گرمی کے ستائے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے ۔ خیبرپختونخوا کے بھی اکثر مقامات پر بادل خوب برسے ، ادھر ہرنائی میں شدید طوفانی ہواؤں اور بارش سے نظام زندگی درہم برہم  ہو گیا جب کہ  سیلابی ریلے کے باعث ہرنائی پنجاب شاہراہ پر ٹریفک معطل اور ، سروتی حفاظتی بند بھی ٹوٹ گیا۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں دوسرے روز بھی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا،  گرمی کے ستائے شہریوں پر قدرت مہربانہو گئی ،  گزشتہ روز سے وقفے وقفے کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے ،باغوں کے شہر میں بادل خوب جم کر برسے، شہریوں کے مرجھائے چہرے کھل اٹھے، ہر چیز پر پڑی گرد بھی دھل گئی۔ ملتان،فیصل آباد، گوجرانوالہ اور دیگر شہروں میں آسمان سے گرتی بوندوں نے موسم خوشگوار بنا دیا ۔ عارف والہ، پاکپتن اور حجرہ شاہ مقیم میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے گرمی اڑن چھو ہوگئی، جلالپور پیروالہ اور گردونواح میں برکھا رت کے بعد موسم سہانا ہوگیا۔ بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں طوفانی بارش کے بعد ندی نالوں کے حفاظتی بند ٹوٹ گئے، ہرنائی شہر کے مختلف علاقے سیلابی ریلے کی زد میں آگئے، مختلف محلوں کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں نے لاہور، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان ڈویژن میں تیز ہواؤں کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کردی ۔ اسلام آباد، خیبرپختونخوا ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوگی، محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی وسطی علاقوں پر آج تک رہنے کا امکان ہے۔