Thursday, April 25, 2024

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں ابر کرم برس پڑا

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں ابر کرم برس پڑا
July 13, 2019
 لاہور (92 نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں ابر کرم برس پڑا۔ راولپنڈی میں طوفانی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ ملک کے بیشتر حصوں میں مون سون کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ پنجاب سمیت بالائی علاقوں میں کالی گھٹاؤں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ تیز ہواؤں کے جھکڑ چلنے سے حبس میں بھی کمی ہوئی اور گرمی کے ستائے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں گہرے بادلوں کا راج ہے۔ علیٰ الصبح شہر کے مختلف علاقوں میں جل تھل ایک ہو گیا ۔ بارش کے بعد تیز ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں رات گئے طوفانی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ جڑواں شہروں کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے متعدد گاڑیاں پھنسی رہیں۔ کمیٹی چوک سمیت شہر کے بیشتر ایریا میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کامونکی، گوجرانوالہ، پنڈی بھٹیاں، نارووال اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ چونیاں، کوٹ رادھا کشن، رینالہ خورد اور منڈی بہاؤالدین سمیت دیگر شہروں میں بھی ابر کرم خوب برسا۔ تیز ہوائیں چلنے سے حبس میں کمی آگئی۔ موسم کا حال بتانے والوں نے مون سون کا حالیہ سلسلہ جمعرات تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔