Thursday, April 25, 2024

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں چوتھے روز بھی بارش

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں چوتھے روز بھی بارش
June 30, 2018
لاہور (92 نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں چوتھے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے بعد موسم دلفریب ہو گیا۔ مختلف شہروں میں ابر کرم ایسا برسا کہ پرسکون منظر نامے کی خوبصورت تصویر کھنچ گئی۔ بادل نگری سے بادلوں کی ٹولیوں کا فوج در فوج زمین پر اترنے کا سلسلہ ابھی جاری و ساری ہے۔ پنجاب، سندھ، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان کو گہرے سیاہ بادلوں نے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔ کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ چوتھے روز بھی جاری ہے۔ بادلوں کی گھن گرج نے گرمی کا دل لرزا دیا۔ فیصل آباد، اوکاڑہ، خانیوال، عارف والا، میں وقفے،وقفے سے ابر کرم برس رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں آج دوسرے روز بھی بارش کا امکان ہے۔ سندھ کے علاقوں میرپورخاص، حیدرآباد ڈویژن،اور اسلام آباد، فاٹا، کشمیر ، گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہو سکتی ہے۔