Thursday, April 18, 2024

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری
January 11, 2019
 لاہور (92 نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے ، وقفے سے بادل برسنے لگے۔ کراچی میں بھی بادلوں کی آنکھ مچولی جاری ہے۔ سردی اپنا رنگ جمانے لگی ۔ ملک بھر میں کہیں بارش ، کہیں برفباری ہو رہی ہے جس سے جاڑے کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بادل برسے۔ کراچی میں بھی گھٹاؤں کا بسیرا ہے۔ شہر قائد میں آج بارش کی توقع ہے۔ شمالی علاقوں میں برفباری کے باعث پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔ برفباری نے ملکہ کوہسار کا حسن دوبالا کر دیا۔ سیاحوں کی ٹولیاں مری پہنچ گئیں۔ ہر طرف موج مستی کی بہار ہے۔ ایبٹ آباد میں بھی برفباری نے سیاحوں کی موجیں کرا دیں ،تاہم مری روڈ  کی بندش سے مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا ۔ ناران ،کاغان میں بھی برفباری  کا سلسلہ جاری ہے۔ اپردیر کے علاقوں لواری ٹاپ، کمراٹ، بن شاہی ،عشیری درہ کے پہاڑ بھی برف سے ڈھک گئے۔ بارش اور برفباری کے باعث جہاں درجہ حرارت میں مزید کمی ہوئی ہے وہیں برفباری سے لطف اندوز ہونے کیلئے سیاح شمالی علاقوں کا رخ کر رہے ہیں۔ ادھر مری میں پانچ روز کے وقفے کے بعد آسمان سے سفید گالے کیا گرے زمین پر ہر سو چاندی بکھر گئی۔ ملکہ کوہسار کا حسن نکھر گیا۔ دلفریب نظاروں نے ہر ایک کو اپنے سحر میں جکڑ لیا۔ سیاح کھنچے چلے آنے لگے۔ منچلے بھی موج مستی کرنے پہنچ گئے۔ مال روڈ پر لوگوں کارش لگ گیا۔ موسم کا مزہ لینے اہل خانہ کے ہمراہ سڑکوں پر نکل آئے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔