Friday, May 10, 2024

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش،جل تھل ایک کردیا

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش،جل تھل ایک کردیا
August 20, 2020
لاہور ( 92 نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشوں نے جل تھل ایک کردیا،،لاہور میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے بعد سڑکیں، شاہراہیں اور انڈرپاسز تالاب بن گئے۔ فیصل آباد، گوجرانوالہ، قصور سمیت بیشتر شہروں میں تیز بارش،، پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور  موسلادھار بارش کے بعد وینس کا منظر پیش کر رہا ہے،گلیاں بازار ندی نالوں میں تبدیل ہو گئیں،بارش نے دوگھنٹے میں چائنہ اسکیم کو وینس میں تبدیل کر دیا ہر طرف پانی ہی پانی کھڑا ہو گیا، نکاسی آب کے ناقص انتظامات سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ والٹن روڈ پر بارشی پانی سے جل تھل ایک ہو گیا،سڑکیں اور بازار تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں،پانی جمع ہونے سے متعدد گاڑیاں خراب ہو گئیں جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ایل ڈی اے ہیڈ کوارٹر میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا،شہری مٹی سے بھری بوریاں رکھ کر احتیاطی تدابیر کرنے لگے،کینال روڈ پر بارش ایسی برسی کہ پانی نہر سے باہر آ گیا اور انڈر پاسز میں جمع ہونے لگا۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی بوندا باندی ہوئی ، محکمہ موسمیات نے آج بھی ملک میں بارشوں کی پیش گوئی کردی۔