Saturday, April 27, 2024

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند کا راج

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند کا راج
January 17, 2019
 لاہور (92 نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند کا راج ہے۔ بیشتر مقامات پر موٹروے کو بند کر دیا گیا۔ پنجاب میں ایک بار پھر دھند کے ڈیرے ہیں۔ صوبے کے بیشتر شہروں میں دھند نے ہر چیزکو دھندلا کر دیا۔ حد نگاہ انتہائی کم ہو گئی۔ شدید دھند کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔ دھند کی وجہ سے لاہور سے پنڈی بھٹیاں اور گوجرہ تک موٹروے کو بند کر دیا گیا۔ ملتان ، خانیوال موٹروے پر حد نگاہ انتہائی کم ہونے سے ہر قسم کی ٹریفک روک دی گئی۔ ترجمان موٹروے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ فوگ لائٹس کے استعمال اور کسی بھی ناگہانی صورتحال میں ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ جی ٹی روڈ بھی لاہور سے ملتان تک دھند کی لپیٹ میں ہے۔ مانگا منڈی ،پتوکی ، اوکاڑہ ،ساہیوال ،چیچہ وطنی اور میاں چنوں میں دھند نے ہر چیز کو دھندلا کر دیا۔ کامونکی ،مریدکے، گوجرانوالا اور گجرات میں دھند ہی دھند رہی۔ ننکانہ صاحب، رینالہ خورد ،عارف والا اور گردونواح میں دھند کے باعث جی ٹی روڈ پر گاڑیوں کا رش لگ گیا۔ شرقپور میں دھند کے باعث کئی فیڈر ٹرپ کر گئے۔ دھند کے باعث مختلف حادثات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ اوکاڑہ میں منی ٹرک نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا۔ پاکپتن ،دیپالپور روڈ پر ٹرالی، ٹریکٹر اور ایمبولینس میں ٹکر کے باعث چار خواتین اور بچے سمیت6 افراد زخمی ہو گئے۔