Thursday, March 28, 2024

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں رات سے بارش،جل تھل ایک ہو گیا

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں رات سے بارش،جل تھل ایک ہو گیا
January 6, 2020
لاہور ( 92 نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں رات سے ہونیوالی بارش کے باعث جل تھل ایک ہو گیا ،   شمالی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، ملکہ کوہسار مری میں ہلکی برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے،یخ بستہ ہواؤں نے شہریوں کو گھروں میں محصور کر دیا ہے۔ میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ، پہاڑی علاقوں میں برفباری نے موسم شدید سرد کردیا۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے جل تھل ایک ہو گیا، رات سے وقفے وقفے سے جاری بارش نے جہاں خشک سردی کا خاتمہ کیا وہی ٹھنڈ کی شدت میں مزید اضافہ کردیا ہے، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا، ساہیوال، گوجرانوالہ، ساہیوال سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ بلوچستان میں کوئٹہ، نوکنڈی، خضدار ، قلات، بارکھان، ژوب اور سبی میں بارش سے سردی کی شدت مزید بڑھ گئی ہے ، خیبرپخونخوا کے میدانی علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جبکہ بالائی علاقوں نے برف کی چادر اوڑھ رکھی ہے ، خون جمانے دینے والی سردی نے لوگوں کو گھروں میں محصور کردیا ۔ سوات میں ایک دن کے وقفے کے بعد برفباری کا سلسلہ پھر سے شروع ہو گیا، مہوڈنڈ میں پانچ فٹ ، کالام اور مالم جبہ میں تین فٹ تک برف پڑ چکی ہے، استور میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا جو ایک ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے،گدی،چورت، تری شینگ، رحمان پور میں بھی وقفے وقفے سے برف باری جاری ہے۔ راستے بند ہونے کی وجہ سے شنکر گڑھ، قمری منیمرگ، اسکمل اور بٹواش کا شہر سے زمینی رابطہ تا حال بحال نہ ہو سکا۔ ملکہ کوہسار مری میں ہلکی برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ، یخ بستہ ہواؤں نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا ہے ، اسکردو میں شگر، گانچھے، کھرمنگ اور روندو میں بھی برفباری وقفے وقفے سے جاری ہے۔