Thursday, May 9, 2024

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند اندھا دھند

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند اندھا دھند
December 6, 2019
لاہور ( 92 نیوز) پنجاب کے میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں، لاہور سمیت مختلف شہروں میں دھند نے ڈیرے ڈال لئے، رات اور صبح کے اوقات میں ہر شے دھندلانے لگی۔ شدید دھند کے باعث موٹر وے کو کئی مقامات پر بند رکھنا پڑا، ایم 3 لاہور سے ننکانہ موٹر وے پر حد نگاہ 100 سے 150 میٹر ریکارڈ کی گئی۔ ایم 2، لاہور ٹھوکر نیاز بیگ سے بابو صابو پر حد نگاہ 10 سے 15 میٹر ریکارڈ کی گئی۔ ایم 2، کالا شاہ کاکو حد نگاہ صفر، ایم 2، کوٹ عبدالمالک  تا کالا شاہ کاکو حد نگاہ صفر تک ہوگئی تاہم دھند چھٹنے کے بعد موٹر وے کو کھول دیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ، فیصل آباد، اوکاڑہ، جھنگ، رحیم یار خان،ملتان،  مظفرگڑھو بہاولپور، نورپور تھل سمیت متعدد شہروں میں رات کے اوقات میں شدید دھند پڑنے کا امکان ہے۔ ترجمان موٹروے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ فوگ لائٹس کے استعمال اور کسی بھی ناگہانی صورتحال میں ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ دوسرے طرف، کراچی کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی پہلی رم جھم  ہوئی ہے۔ ڈیفنس، ملیر، شاہراہ فیصل، کورنگی اور کارساز سمیت مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ جس کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔