Sunday, May 12, 2024

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار
April 22, 2021

لاہور (92 نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔

کہیں بوندا باندی کہیں ہلکی پھوار تو کہیں کالی گھٹاؤں کے ساتھ بادل خوب  برسے۔ صوبائی دارالحکومت میں وقفے وقفے کے ساتھ بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار اور جاتی سردی کو بریک لگ گئ۔ بارش کے باعث درجہ حرارت بھی نیچے گر گیا جس سے روزہ داروں کے چہرے کھل اٹھے۔

علی پور چھٹہ میں ابر کرم برسا جبکہ گوجرانوالہ میں کالی گھٹاؤں کے ساتھ چھنیٹیں پڑی جس سے قدرت کا ہر رنگ نکھر گیا۔ قصور میں بادل خوب برسے جس سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ کوٹ رادھا کشن میں ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔ تیز بارش سے گندم کی تیار فصل کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے جس سے کسان پریشان ہیں۔

شرقپور میں بھی رم جھم ہوئی، ظفروال میں بھی بادلوں نے خوب رنگ جمایا جس نے گرمی کی چھٹی کرا دی۔ حافظ آباد اور پھول نگر میں بھی بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش کا امکان ہے۔