Friday, March 29, 2024

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش، موسم خوشگوار

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش، موسم خوشگوار
June 7, 2020

لاہور ( 92 نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش نے گرمی کی شدت کم کردی ہے، آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالائی علاقوں میں مزیدبادل برسنے کی پیش گوئی ہے ، سندھ میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی ، پارہ 46 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش موسم خوشگوار ہوگیا ۔ باغوں کے شہر میں بادل جم کر برسے ، کئی علاقوں میں بوندا باندی ہوئی جبکہ دن بھربادلوں اور سورج کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہی ۔

گوجرانوالہ، پنڈی بھٹیاں، شرق پور، پھولنگر ، مانانوالہ، کوٹ رادھا کشن میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، ٹھنڈی ہواؤں نے جہاں گرمی کی شدت تھوڑی کم کی وہیں نشیبی علاقوں میں جمع ہونے والا پانی شہریوں کیلئے پریشانی کا باعث بنا رہا۔

سندھ میں تھرپارکر میں تیز ہواؤں کےساتھ بارش ہوئی ،گرمی سے پریشان شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے ،محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم خطۂ پوٹھوہار، بالائی خیبر پختونخوا، اسلام آباد اور کشمیرمیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے۔