Friday, April 26, 2024

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم سہانا ہو گیا

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم سہانا ہو گیا
April 14, 2019

 لاہور (92 نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد موسم سہانا ہو گیا۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔

 ساہیوال اور چیچہ وطنی میں بادل خوب برسے۔ وہاڑی، میلسی اور گردونواح میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ راجن پورمیں کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلے میں حالیہ بارشوں کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔ گوادر اور اطراف کےعلاقوں میں ہلکی بارش سےگرمی کی شدت میں کمی  آگئی۔

 کوئٹہ میں تین روز سے جاری بارشوں کے بعد آج بھی مطلع مکمل طور پر ابر آ لود ہے۔ صوبے کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق ایران سے بارش برسانے والا سسٹم بلوچستان میں داخل ہو گیا۔ آئندہ تین روز تک بلوچستان میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔

 طوفانی بارشوں کے باعث بلوچستان کے  ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خطرہ ہے۔ پی ڈی ایم اے نے پکنک پوائنٹس پر پابندی کیلیے تمام ڈپٹی کمشنر کو لیٹر جاری کر دیا۔ گوادر ضلعی انتظامیہ نے ماہی گیروں کو آج رات اور کل سمندر میں جانے سے روک دیا ہے۔