Saturday, May 11, 2024

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش ، موسم سرد ہو گیا

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں  بارش ، موسم سرد ہو گیا
March 20, 2019

لاہور ( 92 نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش سے موسم  پھر سرد ہو گیا۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں آسمانی بجلی، دیواریں اور چھتیں گرنے کے واقعات میں دو افراد جاں بحق جبکہ چھ زخمی ہو گئے۔

ملک کے مختلف علاقوں میں  بارش کے باعث ٹھنڈ  جاتے جاتے پھر ٹھہر گئی ، شمالی علاقوں میں  برفباری سےسردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

لاہور، سیالکوٹ،گوجرانوالہ ،اوکاڑہ میں بادل کھل کر برسے۔ مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے کےواقعات بھی سامنے آئے۔

دیربالا، کمراٹ،لواری ٹاپ سمیت کئی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے ۔ ملکہ کوہسار بادلوں کی لپیٹ میں ہے۔

ایبٹ آباد اور اسکردو میں بھی کالی گھٹائیں  چھائی ہوئی ہیں ،سوات میں مطلع ابر آلود ہے،مظفر آباد میں بادل برسنے کا سلسلہ جاری ہے۔

موسم کا حال بتانے والوں نے راولپنڈی ،ہزارہ ،مالاکنڈ،لاہور ڈویژن میں کہیں کہیں گرج چمک کےساتھ بارش پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیاہے۔

کراچی میں آج موسم خشک اور صاف رہے گا۔