Wednesday, May 22, 2024

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں باران رحمت کا نزول

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں باران رحمت کا نزول
May 6, 2018
لاہور (92 نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گزشتہ شام ہی سے چھائی گھنگھور گھٹاؤں نے بارش کی نوید سنائی، اور پھر فضا میں تیرتے بادلوں نے رات گئے وقفے وقفے سے برسنا شروع کردیا۔ برکھا برسنے سے ہر رنگ نکھر گیا اور گرمی سے ستائے شہریوں کے چہروں پر مسکراہٹیں چھا گئیں۔ مریدکے، شکرگڑھ، ننکانہ صاحب، گوجرانوالہ، قصور، پنڈی بھٹیاں، حافظ آباد، رینالہ خورد اور چونیاں سمیت مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ کہیں جم کر بادل برسے تو کہیں وقفے وقفے سے رم جھم کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش میں نہائے قدرت کے مناظر آنکھوں کو خیرہ کرنے لگے۔ ابرکرم کے قطروں نے بےجان ہوتے سبزے میں جان ڈال دی۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی خیبرپختونخوا، فاٹا، اسلام آباد، بالائی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر جبکہ ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور، فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژن میں بھی بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی نوید سنائی ہے۔