Friday, April 26, 2024

لاہور سمیت پنجاب میں تیسرے روز بھی کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری

لاہور سمیت پنجاب میں تیسرے روز بھی کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری
March 7, 2020
لاہور (92 نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہرو ں میں بادلوں نے ڈیرے ڈال دئیے، تیسرے روز بھی کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث جاتی سردی پھر لوٹ آئی، موسم کا حال بتانے والوں نے آج مزید برسات کی پیش گوئی کردی۔ لاہور، فیصل آباد اور ملتان سمیت پنجاب کے اکثر علاقوں  میں گہرے بادلوں کا راج ہے، صوبہ بھر میں آج تیسرے روز بھی ہونے والی بارشوں سے خنکی ایک بار پھر بڑھ گئی۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں تین روز سے وقفے وقفے کے ساتھ بارش جاری ہے، سرد ہواؤں کے جھکڑ چلنے سے درجہ حرارت ایک بار پھر گرگیا، مسلسل بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ فیصل آباد میں بھی بادل کھل کر برسے، وارث پورہ میں بارش کے باعث مکان کی چھت گر نے سے نوجوان زخمی ہوگیا۔ جہلم میں بارش کے باعث  سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ بارش سے معمولات زندگی متاثر ہوئے، شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں بھی بادلوں کا راج ہے، بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، میپکو کے درجنوں فیڈر ٹرپ کر گئے۔ ادھر سرگودھا اورگرد و نواح میں آج بھی آسمان پر کالے بادل چھائے ہوئے ہیں، ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ دوسری جانب شرقپورشریف، حجرہ شاہ مقیم میں موسلادھار بارش ہوئی، موسم کی خبر دینے والوں نے آج بھی مزید بارشوں کا امکان ظاہر کردیا۔