Sunday, May 12, 2024

لاہور سمیت پنجاب میں آج بھی دھند ، حد نگاہ کم ہونے پر موٹرویز کے متعدد سیکشنز بند

لاہور سمیت پنجاب میں آج بھی دھند ، حد نگاہ کم ہونے پر موٹرویز کے متعدد سیکشنز بند
February 16, 2021

لاہور (92 نیوز) لاہور سمیت پنجاب میں آج بھی دھند کا راج ہے۔ حد نگاہ کم ہونے پر موٹرویز کے متعدد سیکشنز بند ہیں۔ قومی شاہراہوں پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

پنجاب  میں دھند کا ختم نہ ہونے والا سلسلہ جاری ہے جس  کے باعث جاتی سردی کو بریک لگ گئی ، نظام زندگی درہم برہم اور ٹرینیں کئی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں۔

آج تو لاہور شہر میں دھند صبح دیر تک چھائی رہی۔ فیصل آباد شہر میں بھی دھند کے باعث لوگوں کو  مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ موٹروے ایم تھری اور ایم فورپر گاڑیوں کا داخلہ کافی دیر بند رہا۔ لاہور سے  چیچہ وطنی اور دیگر  قومی شاہراہوں پردھند کے باعث حد نگاہ صرف 20 میٹر تک محدود رہی۔

شیخوپورہ، جڑانوالہ، چنیوٹ، پنڈی بھٹیاں، چک جھمرہ اور پیرمحل میں بھی صبح کے وقت دھند چھائی رہی۔ سرگودھا میں دھند کے باعث کار نہر میں گرنے سے میاں بیوی دو بچوں سمیت جاں بحق ہو گئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں بری ہوائیں موجود ہیں۔ آج اسلام آباد، بلوچستان اور  خیبرپختونخواکے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہےگا جبکہ گلگت بلتستان اور کشمیر میں شدید سردی برقرار ہے۔