Tuesday, April 16, 2024

لاہور سمیت پنجاب بھر میں پچاس دن بعد کاروباری سرگرمیوں کا آغاز

لاہور سمیت پنجاب بھر میں پچاس دن بعد کاروباری سرگرمیوں کا آغاز
May 11, 2020
 لاہور (92 نیوز) لاہور سمیت پنجاب بھر میں پچاس دن بعد کاروباری سرگرمیوں کا آغاز ہو گیا۔ تاجر حضرات سخت احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کے ساتھ ہفتے میں چار روز پیر سے جمعرات تک کاروبار کرسکیں گے۔ کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر لاہور سمیت پنجاب بھر میں بند مارکٹیں کھل گئیں۔ مارکٹیں ہفتے میں چار روز پیر سے جمعرات تک کھلیں گی جبکہ تین دن جمعہ سے اتوار تک بند رہیں گی۔ پچاس دن بعد مارکیٹیں کھلیں تو اچھرہ بازار میں کپڑے اور جوتےسمیت جیولری خریدنے کے لئے پہنچ گئے۔ دکانداروں نے مارکیٹیں کھلنے پر شکر ادا کیا۔ انہوں نے کہا لاک ڈاؤن میں مالی حالات خراب ہو چکے تھے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کنسٹرکشن سکیٹر، ایکسپورٹ انڈسٹری،ریٹیلرز شاپس اور حجام و  بیوٹی سیلون صبح 8 سے 5 بجے تک کھلیں گے۔ گراسری، کریانہ اسٹور، پھلوں، سبزیوں سمیت اشیا خورو نوش کی دکانیں پورا ہفتہ صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھلی رہیں گی۔ پٹرول پمپ، ڈرائیور ہوٹلز اور دیگر ٹیک اوے سروسز 24 گھنٹے جاری رہیں گی۔ حکومت کی طرف سے تمام بڑے شاپنگ مالز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس، مارکیز اور تعلیمی اداروں پر پابندی برقرار ہے۔