Friday, April 26, 2024

لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں باران رحمت کا نزول

لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں باران رحمت کا نزول
December 11, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں باران رحمت کا نزول جاری ہے ۔
ملک کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہی بادل آن پہنچے اور گرجنا برسنا شروع کر دیا۔ کہیں خوب غصہ دکھایا تو کہیں محض چند آنسو بہائے اور کہیں تو ڈیرے ہی ڈال لئے۔ بادلوں کا آنا تھا کہ سردی نے بھی زور آزمانا شروع کر دیا۔
لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، وہاڑی، ساہیوال، پتوکی، ہارون آباد، شاہ کوٹ، شجاع آباد، کبیر والا، پاکپتن، گجرات اور میاں چنوں میں کل شام ہی سے بادلوں نے بسیرا کر رکھا ہے۔
دوسری طرف گوجرانوالہ، جہلم، دیپالپور، احمدپور سیال، علی پور چٹھہ، یزمان منڈی، موسیٰ خیل، میانوالی، رینالہ خورد، حافظ آباد، بورے والا، عارف والا اور بصیرپور میں بھی وقفے وقفے سے باران رحمت کا نزول جاری ہے۔
کراچی میں بھی مختلف مقامات پر بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی بلوچستان اور بالائی سندھ میں بھی بارش متوقع ہے۔
ملکہ کوہسار اور گلیات میں برفباری کی بھی توقع ہے۔
بارش کے نزول سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ لوگوں نے جہاں گرم کپڑوں کا استعمال شروع کیا وہیں گھروں میں انگیٹھیاں سلگانے کا بھی وقت آن پہنچا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بعض علاقوں میں بارش کا سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹے بھی جاری رہے گا۔