Wednesday, May 8, 2024

لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارشیں ، سردی بڑھ گئی

لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارشیں ، سردی بڑھ گئی
February 14, 2019
لاہور (92 نیوز) لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے بعد سردی کی شدت بڑھ گئی ،بالائی علاقوں میں برفباری سے ہر طرف سفیدی ہی سفیدی ہو گئی جب کہ  موسم کا حال بتانے والوں نے لاہور سمیت مختلف شہروں میں مزید بارشوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی کردی۔ ملک بھر میں بادلوں کے ڈیرے ہیں ، بالائی علاقوں میں بارشوں  اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے ، میدانی علاقوں میں بارشوں کے بعد جاڑے کی شدت بڑھ گئی۔ لاہور شہر میں صبح سے بوندا باندی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ۔ ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے صوبائی دارالحکومت کا  موسم مزید سرد ہوگیا۔ فیصل آباد، اوکاڑہ، رینالہ خورد، ساہیوال، میاں چنوں اور ملتان میں بھی بادل برسے ۔ حافظ آباد، شرقپور شریف، ننکانہ صاحب، پنڈ دادن خان، پنڈی بھٹیاں اور گردونواح میں  بھی ابرکرم برس پڑا۔ کوٹ ادو  اور  ٹبہ سلطان پور سمیت جنوبی پنجاب میں بھی ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ شہر اقتدارکامطلع بھی ابر آلود، اسلام آباد میں کہیں کہیں بارش ہوئی۔ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بادلوں کی جھڑی لگ گئی، پشاور میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ ڈی آئی خان اور مضافات میں بوندا باندی سے موسم سرد ہو گیا ۔  ادھر سوات، کالام اور ناران میں برف باری کے باعث سفید کارپٹ بچھ گیا ۔ اسکردو ،گلیات اور ہنزہ میں بھی آسمان سے سفید موتی گرنے لگے،  بعض شمالی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے بھی نیچے گرگیا۔ کشمیر، گلگت، مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں بعض مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔