Friday, May 17, 2024

لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش ، شمالی علاقہ جات میں برفباری

لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش ، شمالی علاقہ جات میں برفباری
February 6, 2019 ویب ڈیسک

لاہور ( 92 نیوز) لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بادلوں نے ڈیرے ڈال لئے ، کہیں ہلکی بوندا باندی ہوئی تو  کہیں  بادل جم کر برسے ، شمالی علاقہ جات میں بھی  آسمان سے سفید گالوں کی برسات کا سلسلہ جاری ہے ۔ جنوری کے بعد فروری بھی بھیگ گیا

لاہور میں علی الصبح بارش نے موسم نکھار دیا  جب کہ ملک کے دیگر کئی شہروں میں بھی ابر کرم برسا ۔   محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں تک کئی مقامات پر باد ل برستے رہیں گے۔ دیربالا میں آسمان سے سفید گالوں کی برسات ہوئی ۔ کمراٹ،لواری ٹاپ،بن شاہی،عشیری درہ میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے ۔

ہاتن درہ،کلکوٹ،علی گاسر،کلپانی کے دیہات  اور پہاڑوں نے سفیدچادراوڑھ لی،درجہ حرارت منفی تین ڈگری تک گرگیا۔ سوات،باجوڑ اور زیارت میں بارش کے ساتھ برفباری ،قلات میں درجہ حرارت منفی پانچ ڈگری تک گرگیا،برفانی ہواؤں نے سردی کی شدت بڑھادی۔ اسلام آباد اور راولپنڈی،مالاکنڈکے علاقے بٹ خیلہ اور بالائی علاقوں میں بارش کاسلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ۔

ملتان میں  گہرے بادلوں کا راج،کئی مقامات پر رم جھم،،لاہور، سرگودھا،شکرگڑھ،بھیرہ میں بھی بادل برسے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ناران ،کاغان،ٹھنڈیانی،گلیات،مری اور آزادکشمیر کے پہاڑوں پر مزید برف باری ہوگی ۔ پشاور،مردان،کوہاٹ اور گوجرانوالہ ڈویژن میں بارش کی پیش گوئی ہے ۔  سرگودھا،فیصل آباد،ساہیوال میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔