Thursday, March 28, 2024

لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش

لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش
November 15, 2020
 لاہور (92 نیوز) لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش ہوئی۔ چونیاں، بصیر پور اور ننکانہ صاحب میں بھی ابر کرم برس پڑا۔ پہاڑوں پر برف باری اور بارش نے موسم کے تیور بدل دیئے۔ پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے کئی علاقوں میں بارش نے بھی سردی بڑھا دی۔ استور میں برف باری سے نظام درہم برہم ہو گیا ۔ سوات میں دو سے تین فٹ تک پڑنے والی برف سے ہر شے جم گئی۔ استور میں رات سے وقفے وقفے سے بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ بالائی علاقوں میں ایک فٹ تک برف پڑی جس سے نظام درہم برہم ہو گیا۔ سکردو میں بھی آسمان سے گرنے والے گالوں نے ہرشے جما دی۔ سوات میں میدانی علاقوں میں بارش جب کہ بالائی علاقوں میں دوسرے روز بھی برفباری ہوئی۔ مہوڈنڈ میں تین جب کہ کالام اور مالم جبہ میں دو فٹ تک برف پڑ چکی ہے ۔ دیربالا میں بھی کہیں بارش ہوئی تو کسی علاقے میں برف پڑنے سے سردی میں اضافہ ہو گیا۔ ایبٹ آباد میں بھی برف باری نے خوب رنگ جمایا۔ نتھیا گلی، ایوبیہ اور چھانگلہ میں سات انچ تک برف پڑ چکی ہے۔ ملکہ کوہسار مری میں دوسرے روز بھی بارش ہوئی جس سے ٹھنڈ بڑھ گئی۔ مقامی لوگوں اور سیاحوں نے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کر دیا۔ ملتان میں ہلکی بارش  سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ فیصل آباد میں سردیوں کی پہلی رم جھم سے خنکی بڑھ گئی۔ پنڈی بھٹیاں میں کل سے بوندا باندی جاری ہے جس کے باعث کسانوں کے چہرے کھل اٹھے ۔ لاہور میں کالی گھٹاؤں کے بعد بادل خوب برسے۔