Wednesday, April 24, 2024

لاہور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ

لاہور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ
December 14, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) لاہور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔
لاہور سمیت کئی علاقوں میں برکھا کیا برسی سردی کی شدت بھی بڑھ گئی۔ پارہ تیزی سے تنزلی کے سفر پر گامزن ہو گیا۔
جاڑے نے لوگوں کو انگیٹھیاں سلگانے پر مجبور کر دیا۔
سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ساتھ پنجاب کے میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں بھی آ گئے۔
لاہور، شیخوپورہ، بہاولپور، اوکاڑہ، جلالپور بھٹیاں، دیپالپور، رینالہ خورد اور چونیاں سمیت کئی علاقوں میں ہر منظر دھندلا گیا۔
ملک کے بیشتر شہروں میں راج کرتی سردی کی لہر شہرقائد بھی پہنچ گئی۔
درجہ حرارت گر کر دس ڈگری سینٹی گریڈ پر آ گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب اکتالیس فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم مالاکنڈ ڈویژن، بالائی فاٹا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کی بھی توقع ہے۔