Tuesday, April 23, 2024

لاہور سمیت مختلف شہروں میں بوندا باندی،شمالی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری

لاہور سمیت مختلف شہروں میں بوندا باندی،شمالی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری
November 14, 2018
لاہور ( 92 نیوز) لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بوندا باندی اور ٹھنڈی ہواؤں نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا۔ دوسری جانب  مری، سوات، مانسہرہ اور دیربالا سمیت شمالی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ بھی جاری ہے جس سے  ہر شے پر سفیدی نے قبضے جما لیا ۔ لاہور سمیت بیشتر شہروں میں صبح کے آغاز ہی سے رم جھم کا سلسلہ شروع ہوگیا ، ٹھنڈی ہوا کے ساتھ برستی بارش کی بوندوں نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا ۔ لاہور سمیت حافظ آباد، گجرات، منڈی بہاؤالدین  میں بھی بادل برسے ، ایبٹ آباد اور چارسدہ میں بھی بادلوں نے خوب آنسو بہائے۔ دوسری طرف مانسہرہ، ناران کاغان، دیربالا،  اور سوات کے پہاڑی علاقوں مہوڈنڈ، کالام، مالم جبہ میں برفباری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ مری، گلیات کے علاقے ایوبیہ، نتھیاگلی، وادی نیلم، لیپہ ویلی اور باغ کے بلند پہاڑوں نے بھی سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ آسمان سے اترتی چاندی کی بارش نے ہر شے کو  جما  کر کے رکھ دیا، لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے  جبکہ سیاح بھی برفباری کے مناظر دیکھنے کے لئے نکل کھڑے ہوئے ہیں۔