Friday, April 19, 2024

لاہور سمیت شہر شہر حفاظتی ماسک نایاب

لاہور سمیت شہر شہر حفاظتی ماسک نایاب
February 27, 2020
 کراچی (92 نیوز) مفاد پرست اور منافع خور عناصر کرونا سے بھی نہ ڈرے۔ سرجیکل ماسک راتوں رات غائب کر دیئے۔ کراچی ، راولپنڈی، لاہور سمیت شہر شہر حفاظتی ماسک نایاب ہو گئے۔ کرونا وائرس پاکستان آتے ہی ماسک کی مانگ میں اضافہ ہوا تو منافع خور بھی سرگرم ہوگئے ۔ مافیا دوسروں کی مدد کے بجائے اپنی جیبیں گرم کرنے میں مصروف ہو گیا۔ پتھر دل مافیا کو انسانیت کا احساس بھی نہ رہا۔ ماسک باکس کی قیمتوں میں پانچ سے سو سے چھ سو فیصد تک اضافہ کر دیا۔ کراچی میں ہول سیل میں ماسک کا ڈبہ 200 سے بڑھ کر 1200 روپے کا ہو گیا۔ ریٹیل مارکیٹ میں ماسک باکس 1500 سے 1600 میں بک رہا ہے۔ شہری بھی ماسک کی قیمتوں میں یکدم ہوشربا اضافے کیخلاف پھٹ پڑے ہیں۔ کہتے ہیں یہ ظلم ہے حکومت نوٹس لے۔ میڈیکل اسٹورز والوں کا مؤقف ہے کہ طلب اور رسد میں فرق کے باعث ریٹ بڑھے ہیں ۔ کراچی ،اسلام آباد،لاہور ،ملتان ،فیصل آباد، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں کے میڈیکل اسٹورز اور دکانوں پر ماسک  بلیک میں فروخت ہو رہے ہیں ۔ پانچ روپے والا ماسک ، بیس روپے تک بیچا جا رہا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ میں سرجیکل ماسک کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست میں پنجاب حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے سرجیکل ماسک کی قیمتوں میں غیرقانونی طور پر اضافہ کر دیا گیا۔ عدالت ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سخت کارروائی کا حکم دے۔