Thursday, March 28, 2024

لاہور سمیت دیگر علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار

لاہور سمیت دیگر علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار
April 15, 2021

لاہور (92 نیوز) لاہور، سرگودھا ، اٹک، پشاور، مینگورہ، زیارت سمیت دیگر علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ رینالہ خورد، پھالیہ اور شرقپور میں بھی بادل برسے۔

رحمتوں اور برکتوں والے مہینے میں ابر رحمت بر س پڑا۔ ملک کے مختلف علاقوں میں بادلوں کے ڈیرے ہیں۔ کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش سے رمضان المبارک میں موسم خوشگوا ہو گیا۔

لاہور اور مضافات میں رات بھر چلنے والی تیز آندھی کے ساتھ صبح سویرے بادل بھی برسے۔ درجہ حرارت میں کمی سے روزہ داروں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔ پھالیہ، نارووال، شرقپورشریف ، رینالہ خورد، چونیاں، دیپالپور، ساہیوال اور اوکاڑہ سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی ابر رحمت برسا۔

پشاور سمیت خیبر پختونخواکے مختلف شہروں میں بارش اور تیز آندھی کے باعث کئی فیڈز ٹرپ کر گئے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ تین سے چار روز میں پنجاب اور بالائی علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کر دی۔ سندھ اور کراچی میں بھی درجہ حرارت کافی حد تک نارمل رہے گا جبکہ گلگت بلتستان کے کچھ علاقوں میں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔