Sunday, September 8, 2024

لاہور: سمپارس یونین کے عہدیداروں اور ریلوے انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب، ٹرینیں معمول کے مطابق چلانے پر اتفاق

لاہور: سمپارس یونین کے عہدیداروں اور ریلوے انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب، ٹرینیں معمول کے مطابق چلانے پر اتفاق
January 15, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) پاکستان ریلوے کے اسٹیشن ماسٹرز کی یونین سمپارس نے عہدیدار کی گرفتاری کے خلاف پاکستان بھر میں ریل کا پہیہ جام کر دیا۔ سمپارس یونین کے عہدیداروں اور ریلوے انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے پر تمام ٹرینیں معمول کے مطابق چلانے پر اتفاق کر لیا گیا۔ پاکستان ریلوے کے اسٹیشن ماسٹرز کی یونین سمپارس ایک عرصے سے تنخواہیں بڑھائے جانے اور عملے کی تعداد میں اضافہ کئے جانے کا مطالبہ کر رہی ہے۔ نو دسمبر کو سمپارس نے ملک بھر میں ریل کا پہیہ جام کر دیا تھا۔ ریلوے انتظامیہ نے مذاکرات کی یقین دہانی کرائی تو ہڑتال ختم کر دی گئی مگر مذاکرات کئے جانے کے بجائے عہدیداروں کی پکڑ دھکڑ شروع کر دی گئی۔ سمپارس کے مرکزی عہدیدار راجہ عرفان کو کوئٹہ سے ریلوے پولیس نے حراست میں لے لیا۔ اندیشہ نقص امن عامہ کے دفعات کے تحت ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔ سمپارس کے عہدیدار کی گرفتاری کیخلاف کارکنوں نے ملک بھر میں ٹرینوں کی آمدورفت روک دی۔ رات گئے تک ریلوے انتظامیہ سمپارس کو مذاکرات پر آمادہ کرتے رہے مگر اسٹیشن ماسٹرز کا ایک ہی مطالبہ تھا کہ ان کے عہدیدار کو پہلے رہا کیا جائے۔ بعدازاں سمپارس یونین کے عہدیداروں اور سینئرجنرل منیجر اور ریلوے کے چیف ایگزیکٹو افسر جاوید انور کے درمیان رابطہ ہوا جس میں ملک بھر میں تمام ٹرینیں معمول کے مطابق چلانے پر اتفاق کر لیا گیا۔