Thursday, April 25, 2024

لاہور : سری لنکن ٹیم پر حملے میں ملوث چار دہشت گرد ہلاک

لاہور : سری لنکن ٹیم پر حملے میں ملوث چار دہشت گرد ہلاک
August 28, 2016
لاہور (92نیوز) لاہور کے علاقے مناواں میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گرد لاہور میں سری لنکا ٹیم پر حملے اور اقبال ٹاون مون مارکیٹ بم دھماکوں میں بھی ملوث تھے۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کی نشاندہی پر سی ٹی ڈی ٹیم چھاپہ مارنے کے لیے جا رہی تھی۔ مناواں کے علاقے لکھو ڈہر میں سی ٹی ڈی اہلکاروں کی گاڑی پر 8 دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی۔ سی ٹی ڈی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں چار دہشت گرد ہلاک جبکہ چار دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت، زبیر، عبدالوہاب، عدنان ارشد اور عتیق الرحمان کے نام سے ہوئی ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق مارے گئے دہشت گرد دوہزار نو میں لبرٹی چوک میں سری لنکن ٹیم پر حملے میں بھی ملوث تھے۔ اس حملے میں چھ پولیس اہل کار جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ بعض کھلاڑی زخمی بھی ہوئے تھے۔ ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد دو ہزار آٹھ میں علامہ اقبال ٹاون مون مارکیٹ میں ہونے والے بم دھماکے میں بھی ملوث تھے۔ مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے جبکہ ان کی لاشوں کو ڈیڈ ہاوس منتقل کر دیا گیا ہے اور فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے۔