Monday, September 16, 2024

لاہور ، سروسز اسپتال عملے کے مبینہ تشدد سے موٹروے پولیس اہلکار جاں بحق

لاہور ، سروسز اسپتال عملے کے مبینہ تشدد سے موٹروے پولیس اہلکار جاں بحق
March 27, 2018

 لاہور (92 نیوز) لاہور کا سروسز اسپتال میدان جنگ بن گیا ۔ اسپتال عملے کے تشدد سے مریِضہ کا بھائی دم توڑ گیا ۔

 لاہور کےعلاقے صدر غوثیہ کالونی کا رہائشی سنیل اپنی بہن کو ڈلیوری کیلئے سروسز اسپتال کے گائنی وارڈ میں لایا جہاں خاتون کے لواحقین کا لیڈی ڈاکٹرسے جھگڑا ہو گیا۔

 اس پرسروسز اسپتال کےسکیورٹی گارڈز نے مریِضہ کے بھائی سنیل کومبینہ طور پر شدید تشدد کا نشانہ بنایا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ۔

 جاں بحق نوجوان سنیل موٹروے پولیس میں کانسٹیبل تھا ۔  

 نوجوان کی ہلاکت کے بعد اس کے ورثا مشتعل ہو گئے اور جواباً اسپتال کے سکیورٹی گارڈ نواز کو بھی تشدد کا نشانہ بنا ڈالا جو تشویشناک حالت میں زیر علاج ہے ۔  

 واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اسپتال پہنچ گئی ۔ جاں بحق نوجوان کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی گئی جبکہ اسپتال عملے اور سکیورٹی گارڈز نے احتجاجاً کام چھوڑ دیا جس سے اسپتال آنے والے دیگر مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔