Friday, April 19, 2024

لاہور ، دی یونیورسٹی آف فیصل آباد میں جان رحمت اللعالمین ﷺ کانفرنس کا انعقاد

لاہور ، دی یونیورسٹی آف فیصل آباد میں جان رحمت اللعالمین ﷺ کانفرنس کا انعقاد
November 12, 2018
لاہور (92 نیوز) ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے دی یونیورسٹی آف فیصل آباد لاہور کیمپس میں جان رحمت اللعالمینﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری اور پی ٹی آئی رہنما اعجاز چودھری سمیت معروف مذہبی اسکالرز نے شرکت کی۔ دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے زیر اہتمام جان رحمت اللعالمین ﷺ کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول سے کیا گیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے خطاب میں کہا کہ بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی وقت کی ضرورت ہے جس کے لئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا ریاست مدینہ کی بنیاد کے بغیر کامیابی ممکن نہیں۔ جب تک اس ملک میں ریاست مدینہ کی بنیادیں نہیں آئیں گی کامیابی ممکن نہیں۔ پیر نور الحق قادری نے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ کی ری سٹرکچرنگ کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کی ری سٹرکچرنگ کے بغیر اس کی کارکردگی بہتر نہیں بنائی جا سکتی۔ اسی لئے وزیر اعظم کے ویژن کی روشنی میں ادارے کی بہتری کے لئے کام آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ ملک بھر کے سجادگان، گدی نشین نہایت قابل احترام ہیں۔ وفاقی حکومت آنے والے دنوں میں ان کو ساتھ لے کر ان کی راہ نمائی حاصل کرکے قومی پالیسی تشکیل دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر کے ادیان کا احترام کرتے ہیں اور بین السلام و بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے کام کو آگے بڑھایا جائے گا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نے دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کو ملک کا قابل فخر ادارہ قرار دیتے ہوئے ایسی کانفرنسز کے انعقاد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ نائنٹی ٹو نیوز کے پروگرام ’’صبح نور‘‘ کے میزبان جسٹس ریٹائرڈ نذیر احمد غازی نے حضوراکرمﷺ کی ذات اقدس کو علم وحکمت کا محور ومرکز قرار دیتے ہوئے مسئلہ ناموس رسالت سمجھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ کانفرنس میں محبوب قادر شاہ، پروفیسر رضاالدین صدیقی، ڈاکٹر نوید اظہر، ڈاکٹر طاہر حمید تنولی، پروفیسر عصمت اللہ زاہد، پروفیسر یوسف عرفان سمیت مذہبی اسکالرز اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔