Friday, May 3, 2024

لاہور :دہشت گردوں کا ہدف آئی بی ہیڈکوارٹر تھا !!! تین کی شناخت ہو گئی: شجاع خانزادہ

لاہور :دہشت گردوں کا ہدف آئی بی ہیڈکوارٹر تھا !!! تین کی شناخت ہو گئی: شجاع خانزادہ
July 1, 2015
لاہور (92نیوز) فیروز والہ میں مارے جانے والے تین دہشت گردوں نعمان، فیصل اور ثاقب کی شناخت ہو گئی ہے۔ پنجاب کے وزیر داخلہ شجاع خانزادہ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا ہدف آئی بی ہیڈ کوارٹر تھا، سکیورٹی فورسز نے منصوبہ ناکام بنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ کے علاقہ فیروزوالہ میں حساس اداروں کی کاروائی کے دوران مارے جانے والے مزید تین دہشت گردوں کی شناخت ہو گئی۔ انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور کا نام عمرابدالی تھا جو القاعدہ پنجاب کا کمانڈر تھا۔ مقابلے میں مارے جانے والے باقی دہشت گردوں میں ٹانک کا رہائشی نعمان، نجف کالونی فیصل آباد کا رہائشی فیصل شبیر اور راولپنڈی کا رہائشی ثاقب حسین شامل ہیں۔ ہلاک دہشت گردوں کے دو ساتھیوں کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے جن سے تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری جانب وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا بڑا ہدف آئی بی ہیڈ کوارٹرز تھا، سکیورٹی اداروں نے لاہور کوتباہ کرنے کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ کالا شاہ کاکو سے ایک دہشت گرد گرفتار کیا گیا، القاعدہ برصغیر کا سربراہ عاصم عمر بھارت کا رہنے والا ہے۔