Thursday, April 25, 2024

لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر، ائیر کوالٹی انڈیکس 271 پر پہنچ گیا

لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر، ائیر کوالٹی انڈیکس 271 پر پہنچ گیا
November 22, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر، مجموعی طور پر ائیر کوالٹی انڈیکس 271 پر پہنچ گیا۔ شہری آنکھوں اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہوگئے۔

صوبائی دارالحکومت کی فضا بدستور آلودہ ہے، شہر کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس 271 ہوگیا۔ محکمہ تحفظ ماحولیات کے مطابق اسمبلی ہال پر ایئرکوالٹی انڈیکس 400 ریکارڈ کیا گیا۔

نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کا ایئر کوالٹی انڈیکس 371 ریکارڈ کیا گیا، ٹاؤن ہال کے علاقے میں ایئرکوالٹی انڈیکس 146 ریکارڈ کیا گیا۔

شہر کے نواح میں دھواں چھوڑتے اینٹوں کے بھٹے فضا آلودہ کررہے ہیں، سڑکوں پر دھواں چھوڑتی گاڑیاں بھی آلودگی کا باعث بن رہی ہیں۔

آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کی ہدایت پر صوبہ بھر میں سموگ کا باعث بننے والی ماحول دشمن سرگرمیوں کے خلاف کاروائیاں تیز کردی گئیں۔

پنجاب بھر میں گذشتہ ہفتے کے دوران 225 مقدمات درج جبکہ 153 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ لاہور میں سموگ کا باعث بننے پر 6 مقدمات درج ہوئے اور 6 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق رواں سال مجموعی طور پر 2217 مقدمات درج اور 2294 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فضائی آلودگی کا باعث بننے والے یونٹس کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسموگ سے بچاؤ کے لیے شہریوں کو اپنے طور پر احتیاط کرنی چاہئے۔