Tuesday, April 16, 2024

لاہور : دبئی جانیوالی شاہین ایئرلائن کی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی

لاہور : دبئی جانیوالی شاہین ایئرلائن کی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی
June 2, 2016
لاہور(92نیوز)لاہور ایئرپورٹ پر دبئی جانے والی شاہین ایئرلائنز کی پرواز خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی ، رن وے پر ٹیکسی کرتے ہوئے جہاز  کے چاروں پچھلے ٹائر پھٹ گئے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق جہاز پرانا تھا جس  کے ناکارہ ہائیڈرالک سسٹم کے باعث  واقعہ پیش آیا۔ تفصیلات کےمطابق لاہور سے دوبئی جانے والا شاہین ایئرلائن  کا طیارہ  اے تھری ٹونٹی  گیارہ بج کر  بیس ،منٹ پر عملے اور مسافروں سمیت 160 سے زائد افراد کو لے کر جیسے ہی رن وے پر آیا تو ٹیکسی کرتے ہوئے اس کے پچھلے چاروں ٹائر پھٹ گئے۔فائر بریگیڈ کی گاڑیاں اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے دستے جہاز کے پاس پہنچ گئے جنہوں نے عملے اور مسافروں  کو فوری طور جہاز سے نکال  لیا ۔لاہور ایئرپورٹ کے مینیجر ریاض الدین کے مطابق شاہین ایئرلائن کے جہاز کے ٹائر درجہ حرارت کی شدت برداشت نہیں کر پائے۔متاثرہ جہاز کا عملہ اور تمام مسافر محفوظ  رہے جبکہ جہاز کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ سول ایوی ایشن حکام نے  متاثرہ ٹائروں کے نمونے لے کر لیبارٹری ٹیسٹ کے لئے بھجوا کر معاملے کی انکوائری شروع کر دی ہے جبکہ شاہین ایئرلائن کے حکام کو کراچی سے لاہور طلب کر لیا گیا ہے۔ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ طیارے کے تھرسٹ اور ہائیڈرالک سسٹم میں خرابی آئی۔پائلٹ کی جانب سے یہ خرابی کنٹرول ٹاور کے علم میں لائی گئی جس پر اسے جہاز واپس موڑنے کی ہدایت کی گئی۔جہاز کے موڑے جانے  پر  اس کے پچھلے چاروں ٹائروں کو نقصان پہنچا۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے شاہین ائیرلائن کے متاثرہ جہاز کیلئے خریدے گئے ٹائروں کی خریداری رسید طلب کر لی ہے تا کہ ان کی تاریخ خرید کو ریکارڈ کا حصہ بنایا جا سکے۔پچھلے برس  بھی شاہین ایئرلائن کے ایک طیارے کو لاہور ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران انتہائی خطرناک حادثہ پیش آیا تھا۔