Monday, September 16, 2024

لاہور: خودکش دھماکے میں شہید 7 پولیس اہلکاروں کی نمازجنازہ ادا

لاہور: خودکش دھماکے میں شہید 7 پولیس اہلکاروں کی نمازجنازہ ادا
February 14, 2017

لاہور (92نیوز) لاہور خودکش دھماکے کے سات شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ نمازجنازہ میں گورنر، وزیراعلیٰ پنجاب، سیاسی و عسکری حکام سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ حاضرین نے شہدا کے درجات کی بلندی اور ملکی سلامتی کے لئے دعا بھی کی۔

خودکش حملے میں شہید ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر) مبین 1971ء میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1996میں بطور اے ایس پی پولیس میں شمولیت اختیار کی۔ ان کا تعلق تعلق 24ویں کامن سے تھا ۔ انہوں نے اسلام آباد، اوکاڑہ، پاکپتن، قصور اور لاہورمیں فرائض سرانجام دئیے۔ کیپٹن مبین نے سنٹرل پولیس آفس پنجاب میں اے آئی جی ایڈمن اور سکیورٹی آپریشن کے عہدے پر بھی فرائض انجام دئیے۔ انہیں 24نومبر 2016ءکو بطور ڈی آئی جی ٹریفک لاہور تعینات کیا گیا۔

ایس ایس پی آپریشنز لاہور زاہد محمود گوندل 1973ءمیں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 2005میں بطور اے ایس پی پولیس میں شمولیت اختیار کی، ان کا تعلق 32ویں کامن سے تھا۔ ایس ایس پی آپریشنز لاہور زاہد محمود گوندل نے مانسہرہ، سوات، پشاور، ایبٹ آبادمیں بھی فرائض سرانجام دئیے۔ شہید پولیس افسر نے شیخوپورہ، سیالکوٹ، فیصل آباد اور راجن پور میں بھی فرائض سرانجام دئیے۔ انہوں نے ایس پی ایڈمنسٹریشن لاہوراور ایس پی وی وی آئی پی سکیورٹی لاہور کے عہدوں پر بھی فرائض سرانجام دئیے۔ شہید زاہد محمودگوندل 9فروری 2017ءکو بطور ایس ایس پی آپریشنز لاہور تعینات ہوئے تھے۔