Friday, April 19, 2024

لاہور، حفیظ سنٹر آتشزدگی میں 400 دکانیں جل کر خاکستر، کروڑوں مالیت کا نقصان

لاہور، حفیظ سنٹر آتشزدگی میں 400 دکانیں جل کر خاکستر، کروڑوں مالیت کا نقصان
October 18, 2020
لاہور (92 نیوز) لاہور کے مشہور کاروباری مرکز حفیظ سنٹر میں علی الصبح اچانک آگ لگ گئی، آگ نے پلازے کی دوسری، تیسری اور چوتھی منزل کو بھی لپیٹ میں لے لیا، آتشزدگی سے کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کر راکھ ہوگیا۔ لاہور کے علاقہ گلبرگ میں واقع حفیظ سنٹر میں آگ بھڑک اٹھی، موبائل، لیپ ٹاپ اور الیکٹرونک مصنوعات کی درجنوں دکانیں جل کر خاکستر ہو گئیں۔ ریسکیو کی درجن سے زائد گاڑیاں جبکہ 40 سے زائد اہلکار آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں، ریسکیو کے مطابق علی الصبح آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے 3 منزلوں کو لپیٹ میں لیا۔ آگ اس قدر شدید تھی کہ ہر طرف کالے بادل چھا گئے، جبکہ پلازے کے شیشے بھی ٹوٹ کرنیچے گرنے لگے، غم سے نڈھال دکاندار بیسمنٹ سے اپنی مدد آپ کے تحت سامان باہر نکالنے میں مصروف ہیں جبکہ مسجد میں اذانیں بھی دی گئیں۔ سیکرٹری انفارمیشن حفیظ سنٹر کے مطابق موبائل ،لیپ ٹاپ اور الیکٹرونک مصنوعات کی 400 دکانیں جل کر خاکستر ہو گئیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آتشزدگی پر قابو پانے کے لئے ریسکیو آپریشن مزید تیز کرنے کی ہدیت کی۔ وزیر اعلیٰ بزدار کہتے ہیں تاجروں کے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا۔ وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد حفیظ سنٹر پہنچیں تو تاجر ان پر برس پڑے اور وہ بغیر گفتگو کیے واپس چلی گئیں۔ دوسری جانب تاجروں کے دو گروپ آپس میں گتھم گتھا بھی ہو گئے۔ سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے بتایا کہ آگ پر قابو پانے کے لئے دیگر اضلاع سے بھی فائٹر کو بلایا گیا ہے۔ ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر کا کہنا تھا کہ آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی پلازے بیٹریز ہونے کی وجہ سے آگ دوبارہ لگ رہی ہے۔ ریسکیو اور پولیس اہلکار بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ آگ لگنے سے کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل چکا ہے۔ ریسکیو آپریشن میں فائٹر کی 33 گاڑیاں جبکہ 50 سے زائد اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض بھی موقع پر پہنچ گئے، کہتے ہیں جلد آگ پر قابو پالیا جائے گا، آگ کیسے لگی اس کی تحقیقات کی جائیں گی۔ پلازے کے اطراف میں شہریوں کے رش کے باعث لاہور پولیس نے اینٹی رائٹ فورس کے دستے بھی طلب کیے، چند دکاندار بالائی منزل پر پھنس گئے، جنہیں ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے اسارنکل کے ذریعے نیچے اتارا گیا۔