Saturday, April 20, 2024

لاہور:  جناح ہسپتال کی چھت ٹپک پڑی ، انتظامیہ نے بالٹیاں رکھ دیں

لاہور:  جناح ہسپتال کی چھت ٹپک پڑی ، انتظامیہ نے بالٹیاں رکھ دیں
January 16, 2017
لاہور(92نیوز)سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو صحت کی سہولیات کا تو اللہ حافظ تھا ہی اب صفائی کے ناقص انتظامات کی بنا پر چوہوں کی بھرمار اور اسپتالوں کی چھتیں بھی ٹپکنے لگیں جناح ہسپتال کی ایمرجنسی کی چھت ٹپک پڑی تو انتظامیہ نے بالٹیاں رکھ  دیں۔ تفصیلات کےمطابق ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات کی عدم فراہمی کوئی نئی بات نہیں لاہور کا جناح ہسپتال جہاں علاج نہ ملنے پر خاتون فرش پر دم توڑ جاتی ہے اس ہسپتال کی ایمرجنسی کا اب تو اللہ ہی حافظ ہے۔ لاہور میں ذرا سی بارش کیا ہوئی جناح ہسپتال کی ایمرجنسی کی چھت ہی ٹپک پڑی سونے پہ سہاگہ  ہسپتال انتظامیہ نے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے بجائے بالٹیاں رکھ کر اپنی ذمہ داری پوری کر لی اور سمجھتے بھی کیوں ناں کیونکہ ہسپتال انتظامیہ کا کام تو مریضوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے اور وہ اس کام کے لئے دن رات مگن رہتے ہیں مگرچند روز قبل علاج کی سہولت نہ ملنے پر خاتون جناح ہسپتال کے ٹھنڈے فرش پر دم توڑ گئی تھی، خاتون زہرہ بی بی کے جاں بحق ہونے کے واقعے نے نہ تو ہسپتال انتظامیہ کی آنکھیں کھولیں اور نہ ہی انتظامات میں کوئی بہتری آ سکی۔ دوسری طرف لاہور کے ہسپتالوں میں چوہوں کا راج قائم ہو گیا ہے سروسز ہسپتال اور میو ہسپتال کی وارڈز اور لیبارٹریز میں چوہے بلاخوف سب کے سامنے دندناتے پھرتے ہیں ماضی میں چوہوں کی طرف سے مریضوں کو کاٹنے کے واقعات بھی پیش آ چکے ہیں لیکن انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک چوہوں کے خاتمے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔