Thursday, April 18, 2024

لاہور: جناح اسپتال کے فرش پر دم توڑنے والی زہرا بی بی سپرد خاک

لاہور: جناح اسپتال کے فرش پر دم توڑنے والی زہرا بی بی سپرد خاک
January 3, 2017

لاہور (92نیوز) لاہور کے جناح اسپتال میں فرش پر دم توڑنے والی خاتون کو سپرد خاک کر دیا گیا۔ زندگی کیلئے دردر کی ٹھوکریں کھانے والی زہرا نے پنجاب میں گڈگورننس کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ زہرا کو چار اسپتالوں کی کسی ایمرجنسی میں بیڈ نہ ملا موت مل گئی۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے ہسپتالوں میں زندگی کی بھیک مانگتے مانگتے جناح ہسپتال کے ٹھنڈے فرش پر دم توڑنے والی قصور کی زہرا بی بی کو سپردخاک کر دیا گیا ہے۔ زہرا بی بی کے بچے قصور سے اپنی ماں کو اس آس پر لاہور لائے کہ شائد اُن کی ماں کو بہتر علاج ملے اور وہ بچ جائے مگر ایسا نہ ہوا۔

زہرا پہلے قصور اور پھر لاہور کے ہسپتالوں میں رلتی رہی مگر کسی ایمرجنسی میں بیڈ نہ ملا۔ زہرا بی بی کو بیڈ نہ ملنے کی تصدیق خواجہ سلمان رفیق نے بھی کر دی جبکہ خادم اعلیٰ نے پھر ایک اور نوٹس لے لیا۔

زہرا بی بی کو پہلے پی آئی سی سے سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا پھر سروسز سے جناح ہسپتال لیکن بدقسمتی کی انتہا دیکھے بیچاری کو وہاں بھی بیڈ نہ مل سکا ۔ فرش پر ہی ڈال کر ایک ڈرپ بھی لگا دی گئی۔ ٹھنڈا فرش اوپر سے دل کی مریضہ زہرا بی بی بیماری کو زیادہ دیر برداشت نہ کر پائی اور خالق حقیقی سے جا ملی۔

زہرا کی موت نے خادم اعلیٰ کی گڈگورنس کا پردہ بھی چاک کر دیا۔ اربوں روپے صحت کا بجٹ اگر لاہور کے اسپتالوں میں بھی نہیں لگا تو پھر کہاں گیا؟ یہی سوال ہے جو زہرا جیسا زمین پر لیٹا ہر مریض پوچھ رہا ہے۔