Thursday, April 25, 2024

لاہور: جناح اسپتال کے سکیورٹی گارڈز کا مریضہ کے لواحقین پر تشدد

لاہور: جناح اسپتال کے سکیورٹی گارڈز کا مریضہ کے لواحقین پر تشدد
January 3, 2017

لاہور (92نیوز) لاہور کے جناح اسپتال میں ڈاکٹروں کے بعد سکیورٹی گارڈز بپھرگئے۔ کل اسپتال میں ڈاکٹروں کی بے حسی نے معمر خاتون کی جان لے لی آج سکیورٹی گارڈز مریضوں کے لواحقین پر ٹوٹ پڑے۔ ادھر انکوائری کمیٹی اسپتال میں حالات کا جائزہ لینے پہنچ گئی۔

تفصیلات کے مطابق مریضوں کے اہل خانہ پر تشدد میں پہلے تو ڈاکٹرز ہی ملوث تھے اب اسپتالوں کے سکیورٹی گارڈز بھی میدان میں اتر آئے۔ جناح اسپتال لاہور میں سکیورٹی گارڈز نے خاتون مریضہ کے شوہر سمیت دیگر افراد کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے پولیس کے حوالے کر دیا۔

گزشتہ روز دل کی مریضہ ساٹھ سالہ زہرہ بی بی کو علاج کے لیے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور سروسز اسپتال میں دھکے کھانے کے بعد جناح اسپتال کے فرش پر دم توڑ گئی تھی۔ خاتون کی ہلاکت کے دوسرے روز اسپتال کے سکیورٹی گارڈز نے بدسلوکی کی ایک تاریخ رقم کی اور گائنی وارڈ میں علاج کیلئے آئی مریضہ ہما کے اہل خانہ کو تشدد کا نشانہ بنا کر پولیس کے حوالے کر دیا۔

خاتون مریضہ ہما کے شوہر کاشف نے اپنی بیوی کے علاج کے لیے ایڈوانس تنخواہ لی لیکن سکیورٹی گارڈز کے تشدد کے دوران ان کا پرس رقم سمیت گم ہو گیا۔

اسپتالوں میں انسانی مسیحاؤں کی جانب سے دکھی مریضوں کے زخموں پر نمک پاشی اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ تشدد کے واقعات نئے نہیں لیکن اب سکیورٹی گارڈز کی طرف سے بھی مریضوں کے اہل خانہ پر تشدد کیا جانا یقینا ارباب اختیار کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔