Wednesday, April 24, 2024

لاہور ، جناح اسپتال میں مریضوں کے لواحقین کیلئے شیلٹر ہوم قائم

لاہور ، جناح اسپتال میں مریضوں کے لواحقین کیلئے شیلٹر ہوم قائم
January 1, 2019
لاہور (92 نیوز) پنجاب کے بڑے اسپتالوں میں مریضوں کے لواحقین کے لئے شیلٹر ہومزکے قیام کا سلسلہ جناح اسپتال لاہور سے شروع کر دیا گیا۔ جناح اسپتال لاہورمیں  صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے پہلے مہمان خانے کا افتتاح کر دیا۔ افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت میں ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ اسپتالوں کو پرائیویٹائز نہیں کیا جارہا، چار ماہ میں وینٹی لیٹرز اور دیگر سہولیات فراہم کریں گے۔ وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پندرہ جنوری سے ہیلتھ کارڈز جاری کرنا شروع کر دیں گے۔ دوسری جانب جناح اسپتال لاہور کی انتظامیہ نے وزیر صحت کے جاتے ہی شیلٹر ہومز میں موجود چادریں اور بستر اٹھانے شروع کر دیئے۔ کچھ دیر پہلے اپنی تقریرمیں ڈاکٹر یاسمین راشد دعوے کرتی رہیں کہ ان کے جانے پر بسترکوئی نہیں اٹھائے گا۔ پنجاب حکومت کے منصوبے کے تحت تمام اسپتالوں میں شیلٹر ہومز قائم کئے جائیں گے جہاں سکیورٹی اور کھانے کا بندوبست بھی کیا جائے گا۔