Sunday, September 8, 2024

لاہور : تین ماہ قبل شادی کے بندھن میں بندھنے والے جوڑے کا اقدام خود کشی

لاہور : تین ماہ قبل شادی کے بندھن میں بندھنے والے جوڑے کا اقدام خود کشی
March 11, 2016
لاہور(92نیوز)صوبائی دارالحکومت لاہور میں صرف تین ماہ قبل شادی کے بندھن میں بندھنے والے ٹریفک وارڈن اور اس کی اہلیہ نے گھریلو جھگڑوں سے دلبرداشتہ ہو کر خود سوزی کی کوشش کرڈالی، دونوں کی حالت تشویشناک ہے۔ تفصیلات کےمطابق روز روز کی توں تکرار آہستہ آہستہ جھگڑوں میں بدل گئی گھر میں جھگڑے بڑھنے لگے تو وارڈن مبین اور اس کی بیوی عائشہ کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا گھر کے بزرگوں پر کوئی بس نہ چل پایا  تومیاں بیوی نے خود ہی اپنا قصہ تمام کرنے کیلئے کمرے میں بند کر کے آگ لگا لی ۔ ہر روز مبین اور اس کی بیوی عائشہ سے جھگڑنے والے گھر والوں نے جب انہیں شعلوں کی نذر ہوتا دیکھا تورہا نہیں گیا آگے بڑھے اور دونوں کی لگی آگ بجھا کر اسپتال پہنچایا۔ ڈاکٹرز کے مطابق مبین یوسف کا جسم تیس جبکہ اس کی بیوی عائشہ پینتالیس فیصد جل چکی ہے  ادھر مبین کے گھر والوں نے پولیس کو دئیے گئے ابتدائی بیان میں اس واقعہ کو حادثہ قرار دیا ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ مبین کا گھر والوں سے جھگڑا چل رہاتھا۔ اچھر ہ کے رہائشی ٹریفک وارڈن مبین کی تین ماہ پہلے شادی ہوئی تھی جبکہ صرف چند روز پہلے ہی مبین کو اچھی کارکردگی پر سی ٹی او کی جانب سے انعام سے بھی نوازا گیا تھا اور اب سی ٹی او طیب حفیظ چیمہ نے میاں بیوی کے علاج معالجہ کیلئے پچاس ہزار کی رقم بھی فراہم کر دی ہے۔