Friday, May 17, 2024

لاہور ، برکی کے قریب گھر میں گیس دھماکے سے بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق

لاہور ، برکی کے قریب گھر میں گیس دھماکے سے بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق
April 6, 2021

لاہور (92 نیوز) لاہور میں برکی کے قریب پنگالی گاؤں میں گیس لیکیج بچوں سمیت پانچ افراد کی جانیں نگل گئی،ریسکیو کے مطابق گھر میں گیس بھر گئی جس کے بعد آگ جلانے سے گھر کی عمارت زمین بوس ہو گئی۔

لاہور کے علاقہ برکی کےقریب گیس لیکیج سےگھر کی چھت گر گئی، ریسکیو کے مطابق ملبے تلے دب کر ایک خاتون اور 4 بچے جاں بحق ہو گئے،حادثے میں 15 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 4 کو موقع پر ابتدائی طبی امداد دی گئی جبکہ 11 شدید زخمی افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

ریسکیو کے مطابق اہل علاقہ نے بتایا کہ پنگالی گاؤں میں گیس لیکیج کے باعث گھر میں گیس بھرگئی تھی،
ابتدائی اطلاع کے مطابق اہلخانہ کی جانب سے آگ جلائی گئی جس نے پورے گھر کو لپیٹ میں لے لیا۔

ترجمان ریسکیو کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ابتدائی سرچ آپریشن مکمل کر لیا،وزیر  اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔