Saturday, April 27, 2024

لاہور: برائیڈل فیشن ویک ختم، ارشد خان چائے والا کی ریمپ پر واک

لاہور: برائیڈل فیشن ویک ختم، ارشد خان چائے والا کی ریمپ پر واک
November 28, 2016

لاہور (92نیوز) لاہور میں تین روزہ برائیڈل فیشن ویک ختم ہو گیا۔ آخری روز ارشد خان چائے والا نے بھی ماڈلز کےساتھ ریمپ پر واک کی اور خوب داد سمیٹی۔ ماڈلز کے ساتھ  ساتھ فلمی دنیا کے ستارے بھی اپنی دلفریب اداؤں کے ساتھ ریمپ پر جلوے بکھیرتے رہے۔

تفصیلات کے مطابق آخری روز کی ابتداء ہوئی ابٹن اور مہندی کے دلکش پہناووں سے۔ پیلے رنگ کے ملبوسات پر کمال مہارت سے گوٹے اور تلے کا کام گیا تھا۔ سبز آنکھوں اور معصوم چہرے کی بدولت دنیا بھر میں سوشل میڈیا پر شہرت حاصل کرنے والے ارشد خان چائے والا شوسٹاپر تھے جنہوں نے ریمپ پر واک کرتے ہوئے خوب داد سمیٹی۔

فیشن ویک کے آخر میں سنہری رنگ چھایا رہا۔ ساڑھی، گھاگھرا اور غرارہ پہن کر ماڈلز کے ساتھ ساتھ فلم نگری کی حسینائیں ریمپ پر آئیں تو شائقین داد دیے بغیر نہ رہ سکے۔ خوبصورت ملبوسات اور ان پر مغلیہ طرز کی جیولری ماڈلز کے حسن کو مزید نکھار رہی تھی۔

فیشن ویک اس وقت بام عروج پہ پہنچ گیا جب فلم سٹارز اپنی بیگمات کےساتھ ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر ریمپ پہ نمودار ہوئے اور محبت بھری ادائیں دکھائیں۔ تین روزہ فیشن ویک کا اختتام بھی رنگارنگ رہا اور شومیں شریک تمام فنکاروں نے شرکا کی محبت کا جواب بھرپور محبت سے دیا۔ اس موقع پر ستاروں نے سلیفیاں بھی بنائیں۔