Friday, March 29, 2024

لاہور ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن کے عملے نے پاکستانیوں اور غیرملکیوں کی جیبیں ہلکی کرنے کا نیا طریقہ دریافت کر لیا

لاہور ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن کے عملے نے پاکستانیوں اور غیرملکیوں کی جیبیں ہلکی کرنے کا نیا طریقہ دریافت کر لیا
May 10, 2015
لاہور (92نیوز) لاہور ایئرپورٹ پرسول ایوی ایشن کے عملے نے اپنے افسروں کی ملی بھگت سے گداگری کا ماڈرن طریقہ اپناتے ہوئے لوگوں کی جیبوں کو ہلکا کرنے کا ایک انوکھا طریقہ تلاش کر لیا ہے۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے بیرون ملک روانگی کے لاونج میں مسافروں سے ان کی شکایات یا تجاویز جاننے کے لیے ایک ٹرانسپیرنٹ کومنٹ بکس رکھا گیا ہے۔ اس کومنٹ بکس میں فلائٹ کی آمد اور روانگی کے وقت عملہ جان بوجھ کر مسافروں کے سامنے کرنسی نوٹ ڈال کر چندہ مہم شروع کر دیتا ہے۔ یہاں سے گزرنے والے ملکی و غیرملکی مسافر سمجھتے ہیں کہ وہ اس بکس میں خیرات کے چند نوٹ ڈال کر غریب پاکستانیوں کی غربت کو ختم کرنے کے لیے اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔ حیران کن بات یہ ہے کہ سول ایوی ایشن کا عملہ ایک عرصے سے دھوکے اور کمال ہوشیاری سے مسافروں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال کر اپنی تجوریاں بھرنے میں مصروف ہے جبکہ اعلیٰ افسران تو ایسے بھولے بھالے ہیں کہ جیسے انہیں کسی بات کا علم ہی نہیں۔ جب اس حوالے سے نائنٹی ٹو نیوز کی سول ایوی ایشن کے ترجمان سے بات ہوئی تو انہوں نے کومنٹ بکس کو چندہ بکس میں تبدیل کرنے کی نرالی توجیہہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسافروں سے خود تو چندہ نہیں مانگتے، مسافر تو اپنی خوشی سے اس میں نوٹ ڈال جاتے ہیں، ایسے میں بھلا وہ کیا کر سکتے ہیں۔