Friday, April 26, 2024

لاہور ایئر پورٹ پر پی آئی اے اور نجی ایئر لائنز کے ذریعے چار سو اکیس حاجیوں کی واپسی

لاہور ایئر پورٹ پر پی آئی اے اور نجی ایئر لائنز کے ذریعے چار سو اکیس حاجیوں کی واپسی
August 18, 2019

لاہور (92 نیوز) سعودی عرب سے حجاج کرام کی واپسی کا آغاز ہو گیا۔ لاہور ایئر پورٹ پر پی آئی اے اور نجی ایئر لائنز کے ذریعے چار سو اکیس حاجیوں کی واپسی ہوئی۔ عزیز واقارب نے پرتپاک استقبال کیا۔

نجی ایئر لائن کی پہلی پرواز دو سو سات حجاج کو لے کر رات ڈیڑھ بجے لاہور ایئرپورٹ پر پہنچی۔ پی آئی اے کی پرواز پی کے 7504 دو سو چودہ حجاج کو لے کر صبح ساڑھے سات بجےعلامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ پہنچی۔

 حجاج اکرام کا استقبال کرنے کے لئے عزیز اقارب بڑی تعداد میں پہنچے اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی۔ پی آئی اے انتظامیہ اور رشتہ داروں نے حجاج اکرام کو پھولوں کے ہار پہنا کر استقبال کیا اور مبارکباد دی۔

قومی ایئرلائن بیاسی ہزار سے زائد حجاج کرام کو لے کر اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، سیالکوٹ، ملتان، کوئٹہ اور فیصل آباد پہنچے گی۔

حجِ بیت اللہ کی ادائیگی سے واپس آنے والے حجاج اکرام انتظامات سے مطمئن نظر آئے۔ کہتے ہیں اللہ کا شکر ہے کسی قسم کا کوئی مسئلہ پیش نہیں آیا، انتظامیہ کی جانب سے بہتر انتظامات تھے۔

حجاج اکرام کا کہنا تھا کہ حجِ بیت اللہ کے روح پرور موقع پر ملک و قوم کی سلامتی کی دعائیں مانگیں اور اللہ کی خاص رحمتیں حاصل کیں۔ ذاتِ الہٰی کا خاص شکر ہے جس نے خانہ کعبہ اور اپنے محبوب ﷺ کے روضہ انور کی زیارت کرائی۔